علی گڑھ، 19؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے علی گڑھ ضلع میں ایک ایس پی لیڈر کے رشتہ دار کا دھاردار ہتھیاروں سے قتل کئے جانے سے مشتعل لوگوں کی بھیڑ نے توڑ پھوڑ کرکے تقریبا 6 دکانوں میں رکھے سامان کو نقصان پہنچایا ۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ ایس پی کے ضلع نائب صدر صغیر احمد کے بھتیجے محمد عادل(20)اور اس کے دوست فہیم چودھری پر کل رات سول لائنس علاقے میں تقریباََ6مسلح حملہ آوروں نے دھاردار ہتھیاروں سے حملہ کردیا ۔انہوں نے بتایا کہ شدید زخمی دونوں نوجوانوں کو جواہر لال نہرو میڈیکل کالج میں بھرتی کرایا گیا جہاں علاج کے دوران عادل کی موت ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے ایک حملہ آور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ اس کے باقی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ ایس پی لیڈر کے بھتیجے کے قتل کی خبر سن کر بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر اتر آئے اور مقامی پولیس پکیٹ اور دکانوں پر دھاوا بول دیا۔اس دوران انہوں نے متعدد دکانوں میں رکھے سامان کو نقصان پہنچایا ، پولیس نے بڑی مشقت سے اس پرقابوپایا۔ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ اے کے شریواستو نے بتایا کہ اس معاملے میں سمیر چودھری نامی شخص کے خلاف آج صبح مقدمہ درج کیا گیا، چودھری کا پرانا مجرمانہ ریکارڈ ہے، قتل کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔